بھارت میں افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کے دورۂ دیوبند کے دوران پروگرام میں شریک ہونے والے بھارتی مسجد کے امام کی بیوی اور 2 بیٹیوں کو قتل کر دیا گیا۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع باغپت کے گاؤں گنگنولی میں ہفتے کے روز ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک امام کی بیوی اور 2 کمسن بیٹیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ بڑی مسجد کے احاطے میں پیش آیا، جہاں مقتولہ کا گھر واقع ہے۔
بھارت: افغان وزیر خارجہ کا معروف دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کا دورہ
افغان وزیر خارجہ کے استقبال کے موقع پر طلبا سمیت لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونے سے بدنظمی دیکھنے میں آئی اور افغان وزیر خارجہ کے حفاظتی حصار کی خلاف ورزی پر پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔
پولیس کے مطابق 30 سالہ اسرنہ، جو امام ابراہیم کی اہلیہ تھیں، ان کی بیٹیاں 5 سالہ صوفیہ اور 2 سالہ سمیعہ خون میں لت پت حالت میں گھر کے اندر مردہ پائی گئیں۔
واردات کے وقت مسجد کے امام ابراہیم افغان وزیرِ خارجہ کے معروف دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے پروگرام میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ امام ابراہیم کا تعلق مظفر نگر کے سنّہ گاؤں سے ہے اور وہ گزشتہ 4 سال سے گنگنولی کی بڑی مسجد میں امامت کے فرائض انجام دے رہے تھے، ان کی بیوی اسرنہ مسجد کے احاطے میں بچوں کو تعلیم دیتی تھیں۔